شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں سرکاری نرخوں کے مقابلے میں واضح فرق برقرار ہے، جس سے شہریوں کو مہنگائی کا سامنا ہے۔
مختلف سبزیوں کی قیمتیں سرکاری نرخوں سے 20 سے 30 روپے فی کلو زائد فروخت کی جا رہی ہیں، جس سے شہریوں کو روزمرہ کی ضروری اشیاء خریدنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔بازار میں تازہ کچا آلو درجہ اول کی سرکاری قیمت 35 روپے فی کلو ہے، لیکن بازار میں یہ 60 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز کی قیمت 160 روپے مقرر ہونے کے باوجود 180 روپے فی کلو وصول کی جا رہی ہے۔ ٹماٹر کی سرکاری قیمت 220 روپے فی کلو ہے، مگر بازار میں یہ 300 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ اسی طرح کریلا، شملہ مرچ اور سبز مرچ کی قیمتیں بھی سرکاری نرخوں سے بڑھ کر فروخت ہو رہی ہیں؛ کریلا 120 روپے کے بجائے 130 روپے، شملہ مرچ 300 روپے کے بجائے 330 روپے اور سبز مرچ 110 روپے کے بجائے 130 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہیں۔ بند گوبھی 160 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 180 روپے فی کلو میں اور پھول گوبھی 120 روپے کے بجائے 150 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے سبب انہیں مہنگی سبزیاں خریدنی پڑ رہی ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ قیمتوں پر کنٹرول حاصل کیا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے پر کارروائی اور قیمتوں پر سخت نگرانی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے تاکہ بازار میں قیمتوں میں توازن قائم کیا جا سکے اور شہریوں کو مہنگائی سے بچایا جا سکے۔