جماعت اسلامی کے صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنے

لاہور میں کارکنان نے مسجد شہدا سے ریلی کی صورت میں چیئرنگ کراس پہنچ کر دھرنا دیا ،امیر جماعت اسلامی بھی شریک
کراچی میں گورنر ہائوس کے قریب فوارہ چوک پر دھرنا دیاگیا،پشاور کے احتجاج میں بھی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی 
لاہور،کراچی ،پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان نے بڑھتی مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور پٹرولیم لیوی میں ظالمانہ اضافے کے خلاف گزشتہ روز لاہور ،کراچی ، پشاور سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں کے اہم مقامات پر دھرنے دیئے ، لاہور میں فیصل چوک مال روڈ پر ایوان وزیراعلیٰ کے قریب دھرنے میں امیر جما عت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے بھی شرکت کی، اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ یہ نظام جو ہم پر مسلط ہے اس کا عوام سیکوئی تعلق نہیں، یہ نظام اب نہیں چل سکتا، حکمران ٹولہ صرف پٹرول کی قیمت ہی نہیں بڑھاتا بلکہ ٹیکسوں میں بھی اضافہ کر دیتا ہے،دھرنا جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابقلاہور میں جماعت اسلامی کے کارکنان نیامیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور دیگر رہنمائوں کی زیر قیادت مال روڈ پر احتجاج کیا، کارکنان نے مسجد شہدا سے ریلی کی صورت میں چیئرنگ کراس پہنچ کر دھرنا دیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے خطاب میں مزید کہا کہ جب تک حکومت گھٹنے نہیں ٹیکیگی ہماری جدوجہد جاری رہیگی، ہم حکومت کوپیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے ہم نے کمیٹی بنائی ہے، ہماری بات صرف ایک چیز پر ہوگی کہ پٹرولیم لیوی واپس لو، پٹرولیم لیوی زبردستی کا بھتہ ٹیکس اور جگا ٹیکس ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ن لیگ کے کتنیجاگیرداروں نے اپنیجاگیروں پرٹیکس دیا ؟ یہ جاگیردرانہ نظام نہیں چلیگا، یہ غریب کاشتکار کا خون چوستیہیں ، حکمران مراعات نہیں چھوڑسکتے اور غریب کا خون نچوڑتے ہیں۔ادھر کراچی میں خضرا مسجد سے جماعت اسلامی نے احتجاجی ریلی کا آغاز کیا جو کراچی پریس کلب روڈ سے ہوتی ہوئی گورنر ہائوس کی طرف روانہ ہوئی تو انتظامیہ نے گورنر ہائوس جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا جس کے باعث امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی قیادت میں شرکا نے گورنر ہائوس کے قریب فوارہ چوک پر دھرنا دے دیا۔اسی طرح پشاور میں بھی پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی نے دھرنا دیا جس کے باعث گورنر ہائوس کے سامنے روڈ بند رہی۔ اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ،امیر جماعت اسلامی وسطی خیبرپختونخوا عبدالوسع نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ منعم ظفر خان ،عبدالوسعنے دھرنوں کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے وصول کیا جانے والا بھاری ٹیکس ہر صورت واپس لینا ہوگا ،جماعت اسلامی حکمرانوں کا تعاقب جاری رکھے گی،آئی پی پیز کے نام پر ہونے والا دھندا ہر صورت ختم کرنا ہوگا، حکمران اپنے مقررہ ہدف سے بھی 100 ارب روپے زیادہ وصول کرچکے، ایف بی آر نے بھی عوام سے ٹیکس کی مد میں 476 ارب روپے وصول کیے ہیں ،فارم 47 کی پیداوار اسمبلیوں میں بیٹھ کر ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے، عوامی مسائل ان کی ترجیح نہیں۔