یو ایف سی‘ اسلام مخاشیف کا ویلٹر ویٹ ٹائٹل کا دفاع، مسلسل 17فتوحات کا ریکارڈ بھی بنا ڈالا

 فلاڈلفیا میں ہونیوالے مقابلے میں اسلام مخاشیف نے 5رانڈز پر مشتمل سخت اور سنسنی خیز مقابلے میں ججز کے متفقہ فیصلے کے تحت این مچاڈو گیری کو شکست دی
فلاڈلفیا (سپورٹس ڈیسک) روس سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹسٹ اسلام ماخاشیف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرش فائٹر این مچاڈو گیری کو شکست دے کر ویلٹر ویٹ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کر لیا۔امریکا کے شہر فلاڈلفیا میں ہونے والے مقابلے میں اسلام مخاشیف نے 5 رانڈز پر مشتمل سخت اور سنسنی خیز مقابلے میں ججز کے متفقہ فیصلے کے تحت این مچاڈو گیری کو شکست دی۔آئرش چیلنجر این مچاڈو گیری نے دفاعی چیمپئن کے لیے کئی مواقع پر مشکلات پیدا کیں، لیکن مخاشیف کی مضبوط اور مسلسل ریسلنگ نے انہیں مقابلے پر قابو پانے میں مدد دی، اس فتح کے ساتھ ماخاچیف نے یو ایف سی میں مسلسل 17 فتوحات کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل یو ایف سی میں مسلسل 16 فتوحات کا ریکارڈ برازیل سے تعلق رکھنے والے اینڈرسن سلوا کے پاس تھا جو اسلام مخاشیف نے چیک میڈالینا کو شکست دیکر برابر کیا تھا۔اسلام مخاشیف نے تاریخی فتح کے بعد کہا کہ این مچاڈو گیری ایک بہترین فائٹر اور اچھا انسان ہے، اور میں اس کی عزت کرتا ہوں، اس نے میرے لیے مقابلہ مشکل بنایا، لیکن میں ہر فائٹ میں خود کو ثابت کرتا ہوں، سپورٹ کے لیے کے لیے سب کا شکریہ۔