لاہور(سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے ایک اور بری خبر، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کیویز کے ہاتھوں بری طرح چت ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کا ٹائٹل کا دفاع کھٹائی میں پڑ گیا تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 29 سال بعد کرکٹ کا بین الاقوامی میلہ سج گیا، تاہم یہ تاریخی دن پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے انتہائی مایوس کن ثابت ہوا۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں شکست کے بعد پاکستان کا پوائنٹس ٹیبل پر نیٹ رن ریٹ بری طرح گر گیا۔ بدترین شکست کے باعث پاکستان کا نیٹ رن ریٹ منفی 1 عشاریہ 2 ہو گیا۔ یوں پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے اپنے دونوں بقیہ میچز میں لازمی بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنا ہو گی۔ ایک میچ میں بھی شکست پاکستان کو ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کر دے گی۔واضح رہے کہ بدھ کو کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 321 رنز کا ہدف دیا۔نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کو پہلی کامیابی اسپنر ابرار احمد نے دلائی اور 39 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنانے والے ڈیون کونوے کو کلین بولڈ کردیا، اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کین ولیمسن کو صرف ایک رن پر وکٹوں کے پیچھے کپتان رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکے پویلین بھیج دیا۔ڈیرل مچل 10 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم اس کے بعد کیوی بلے باز ینگ، لیتھم اور گلین فلپس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا ٹوٹل 320 تک پہنچا دیا۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 260 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ نے 69، بابر اعظم نے 64 جبکہ سلمان علی آغا نے 42 رنز بنائے جو ٹیم کو فتح دلوانے کیلئے کافی ثابت نہ ہوئے