ایف سی سی اسٹیڈیم میں ہونے والی 8 رانڈز پر مشتمل فائٹ 5 ویں رائونڈ میں ختم ہو گئی
اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان کی باصلاحیت خاتون باکسر عابدہ بتول نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ عابدہ بتول نے ویمنز انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (WIBA) کا عالمی ایٹم ویٹ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون باکسر بن گئی ہیں۔انہوں نے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں منعقدہ بریو ہارٹس باکسنگ ایونٹ کے دوران تھائی حریف وانڈی سینونگ کھروٹ کا مقابلہ کیا۔ایف سی سی اسٹیڈیم میں ہونے والی 8 رانڈز پر مشتمل فائٹ 5 ویں رائونڈ میں ختم ہو گئی تھی۔مقابلے کے دوران حادثاتی طور پر سر ٹکرانے سے عابدہ بتول کی ناک میں فریکچر ہو گیا تھا، جس کے بعد رنگ سائیڈ ڈاکٹر نے فائٹ روک دی اور فیصلہ ججز کے اسکور کارڈز پر کیا۔2 ججز نے عابدہ بتول کے حق میں جبکہ تیسرے جج نے تھائی باکسر کے حق میں فیصلہ دیا اور یوں پاکستانی باکسر نے اسپلٹ ٹیکنیکل فیصلے کے تحت عالمی چیمپئن شپ جیت لی۔