چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا برسلز میں کشمیر کونسل ای یو کے سیکرٹریٹ کا دورہ ، جدوجہد کو سراہا
برسلز(آئی این پی ) وفاقی وزیر اور پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ پاکستان مقبو ضہ کشمیر کے عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خودارادیت کی جدوجہد میںغیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا ۔رانا قاسم نون نے برسلز میں کشمیر کونسل ای یو کے سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور کونسل کے اراکین اور کمیونٹی کے رہنمائو ں کے ساتھ ایک گول میز کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کشمیر کونسل ای یو کی جدوجہد اور مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید، کمیونٹی رہنمائو ں را مستجاب احمد اور چوہدری خالد جوشی نے وفاقی وزیر کو مسئلہ کشمیر خاص طور پر کشمیریوں کی حقوق کی بھارتی حکام کے ہاتھوں سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کیلئے کشمیر کونسل ای یو کی یورپ میں جاری سفارتی کوششوں پر بریفنگ دی۔چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر قاسم نون نے کشمیر کونسل ای یو کی کارکردگی کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی بھارت کے ناجائز تسلط سے آزادی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ پاکستان کے غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔گول میز کانفرنس کے اختتام پر مہمانِ گرامی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر کمیونٹی رہنما عمران ثاقب، فرید خان، سلیم میمن اور دیگر ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو یادگاری شیلڈ اور کشمیرکونسل ای یو کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔