کشمیر پر غداری ناقابل قبول ، مہاجرین کے ووٹ کا حق ختم نہیں ہوگا:رانا قاسم نون

 جنگی شکست کے بعد بھارت بلوچستان اور آزاد کشمیر میں حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے،: چیئرمین کشمیر کمیٹی کا خطاب
 پیرس   (آئی این پی ) پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر رانا قاسم نون نے کہا ہے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے لیے تمام جنگیں لڑی جا چکی ہیں، گزشتہ سال کی جنگی شکست کے بعد بھارت بلوچستان اور آزاد کشمیر میں حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔وفاقی وزیر نے  ان خیالات کااظہارپیرس میں پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جہاں مسلم لیگ ن فرانس کے صدر میاں محمد حنیف نے ان کا استقبال کیا۔ رانا قاسم نون نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اسے پاکستان سے جدا نہیں کر سکتی، دنیا کے کسی بھی ملک میں فوج، پولیس اور دیگر ریاستی اداروں پر حملے یا گالم گلوچ برداشت نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوامی مطالبات پر پہلے بھی ریلیف دیا گیا ہے اور آئندہ بھی دیا جائے گا لیکن مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین پاکستان کے ووٹ کے حق اور نمائندگی کو کسی صورت ختم نہیں کیا جائے گا کیونکہ ایسا کرنا کشمیری عوام کی قربانیوں سے غداری کے مترادف ہوگا۔