ارجنٹائن کے فٹبال اسٹار لیونل میسی ایک نئے قانونی تنازع کا سامنا کر رہے ہیں، جس میں ان پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق میامی میں قائم ایک ایونٹ پروموٹر کمپنی نے میسی کے خلاف مقدمہ میامی ڈیڈ سرکٹ کورٹ میں دائر کیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میسی نے گزشتہ سال ایک نمائشی میچ میں شرکت نہیں کی، جس کے باعث کمپنی کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔مقدمے میں ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن اور ایک اسپورٹس ایگزیکٹو کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔معاہدے کے مطابق پروموٹر کمپنی کو ارجنٹائن کے دوستانہ میچز کے خصوصی حقوق دیے گئے تھے اور شرط تھی کہ میسی ہر میچ میں کم از کم 30 منٹ کھیلیں گے۔
الزامات کے مطابق میسی نے وینزویلا کے خلاف میچ نہیں کھیلا، تاہم بعد میں وہ اپنے کلب انٹر میامی کی جانب سے کھیلتے ہوئے نظر آئے اور دو گول بھی کیے، جبکہ بعد ازاں انہوں نے پورٹو ریکو کے خلاف میچ میں بھی حصہ لیا۔عدالت میں دائر درخواست میں فریقین پر مبینہ طور پر غلط بیانی اور دھوکہ دہی کے الزامات بھی شامل ہیں، اور کیس اس وقت زیرِ سماعت ہے۔