کسی بلاک سیاست کا حصہ بننے کے بجائے باہمی احترام کی بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے
پاکستان نے ایران، امریکہ جنگ بندی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا:روس میں پاکستانی سفیر کا انٹرویو
ماسکو(آئی این پی )روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے پاکستان کی خارجہ پالیسی متوازن اور خودمختار ہے اور کسی بلاک سیاست کا حصہ بننے کے بجائے باہمی احترام کی بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے اور ممکنہ جنگ کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے نہ صرف ایک بڑے علاقائی تصادم کا خطرہ کم ہوا بلکہ خلیجی ممالک میں مقیم لاکھوں تارکین وطن بھی محفوظ رہے۔ روسی سرکاری نشریاتی ادارے کو خصوصی انٹرویو میں سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان کی قیادت وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران اور امریکا کے درمیان رابطے بحال رکھنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، پاکستان اب بھی جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور خطے میں مستقل امن کے قیام کے لیے سرگرم ہے۔