کسی بھی جھگڑے کا بروقت حل سب سے ضروری ، سسٹم اس وقت بنتا ہے جب لوگوں کا اس پر اعتماد قائم ہو
ریاست لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے ،مردوں کے مقابلے میں خواتین کو زیادہ چیلنجز کا سامنا ہے، خطاب
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )سپریم کورٹ کی جج جسٹس عائشہ ملک نے لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین کو زیادہ چیلنجز کا سامنا ہے، آپ عدلیہ کو آخری امید کے طور پر دیکھتے ہیں جہاں جھگڑا حل ہو، عدلیہ کے پاس تنخواہوں، پنشن سمیت ہر طرح کے مسائل آتے ہیں۔ جسٹس عائشہ ملک نے اپنے خطاب میں مزیدکہاکہ تنخواہوں اور پنشن کے معاملات عدالتوں میں آنے ہی نہیں چاہئیں، ایسا نظام ہو کہ اس طرح کے مسائل تو عدالتوں کے باہر حل ہوں، کسی بھی جھگڑے کا بروقت حل سب سے ضروری ہے، سسٹم اس وقت بنتا ہے جب لوگوں کا اس پر اعتماد قائم ہو، عدلیہ کے مسائل عدلیہ کے ذریعے ہی حل ہونے چاہئیں، ٹیکس ایسا موضوع ہے جو عدالتوں میں سب سے زیادہ ڈسکس ہوتا ہے، ٹیکس پر ریاست اور شہریوں میں کوئی ایسا نیریٹو نہیں ہے، ٹیکس کی مد میں وہاں سے پیسا نکالا جا رہا ہے جہاں سے آسان ہے، ریاست لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے تاکہ وہ ٹیکس ادا کریں۔