لاہور(کرائم رپورٹر)موٹروے پولیس انسپکٹر منصور اصغر شہید کی نماز جنازہ فیصل آباد میں ادا کر دی گئی۔ آئی جی موٹروے پولیس بی اے ناصر ، ایڈیشنل آئی جی سعد اختر بھروانہ اور ڈی آئی جی دار علی خٹک نے شرکت کی۔ موٹروے پولیس کے افسران وملازمین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے پولیس کے چاک و چوبند دستے نے اس موقع پر سلامی پیش کی۔شہید منصور اصغر نہایت ایماندار اور پیشہ ور پولیس آفیسر تھے۔ موٹروے پولیس آئی جی بی اے ناصر نے شہید کے بچوں کے ساتھ وقت گزارہ اور سر پر پیار کیا۔آئی جی موٹروے پولیس بی اے ناصر نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ موٹروے ایم 4 امین پور کے قریب موٹروے پولیس انسپکٹر منصور اصغر فرائض کی ادائیگی میں شہید ہوگئے تھے۔شہید انسپکٹر ڈرائیورز کو دوران ڈرائیونگ نیند سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی فراہم کر رہے تھے۔شہید انسپکٹر منصور اصغر نے سوگواران میں والدین, بیوہ 3بیٹیاں اور 1بیٹاچھوڑا ہے۔حادثہ میں ملوث ٹرک ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔