کراچی: چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے اور ہم نے کشکول توڑ دیا ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کے مستقبل پر سوال اٹھاتے ہیں، انہیں ہمارے نوجوانوں کو دیکھنا چاہیے جو جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔رانا مشہود نے مزید کہا کہ وہ 2002ء سے یوتھ امپاورمنٹ پر کام کر رہے ہیں اور پنجاب میں تعلیم کے پورٹ فولیو کو بڑھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی پاکستان کا نام روشن کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ حالیہ دنوں میں ڈیجیٹل یوتھ حب پورٹل کا آغاز کیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مختلف مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کلائمیٹ چینج کے اثرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں اسلام آباد میں اولے پڑنے سے گاڑیوں، بلڈنگز کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی افراد زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔رانا مشہود نے اپنے خطاب میں پاکستان کے ترقی کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے نوجوانوں کی تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔