عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی جغرافیائی کشیدگی کے پیشِ نظر حکومت نے ڈیزل اور ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) کی برآمد پر عائد ونڈ فال ٹیکس (اسپیشل ایڈیشنل ایکسائز ڈیوٹی) میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ پٹرول کی برآمد پر ٹیکس میں کمی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی شرحوں کا اطلاق 16 جولائی سے ہو چکا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت ڈیزل کی ایکسپورٹ ڈیوٹی 8.5 روپے سے بڑھا کر 15.5 روپے فی لیٹر اور اے ٹی ایف پر ڈیوٹی 7.5 روپے سے بڑھا کر 14.5 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جبکہ پٹرول پر ایکسپورٹ ڈیوٹی 4 روپے سے کم کر کے 2.5 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی مارکیٹ میں ریفائننگ مارجن میں اضافے اور امریکا، ایران کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ غیر معمولی منافع پر ٹیکس وصول کیا جا سکے۔حکام کے مطابق اس فیصلے کا اثر صرف برآمدی ایندھن پر ہوگا اور مقامی مارکیٹ میں فروخت ہونے والے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں یا ایکسائز ڈیوٹی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اس لیے عوام کے لیے فی الحال ایندھن کی مقامی قیمتیں متاثر نہیں ہوں گی۔