اردن میں دہشتگردی کی بڑی سازش ناکام، 16افراد گرفتار، خطرناک ہتھیار برآمد

 2021سے منصوبہ بندی کی جارہی تھی ،ملزمان نے درآمد شدہ مواد سے میزائل، بم اور خطرناک ہتھیار تیار کیے تھے
ملزمان نے لبنان میں عسکری تربیت حاصل کی اور ان کا تعلق کالعدم تنظیم اخوان المسلمین سے ہے،وزیررابطہ ڈاکٹرمومنی
  عمان(آئی این پی ) اردن میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔ جنرل انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے 16افراد کو گرفتار کر لیا جو 2021سے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق اردنی حکام کے مطابق زیر حراست ملزمان نے درآمد شدہ مواد سے میزائل، بم اور خطرناک ہتھیار تیار کیے تھے۔ کارروائی کے دوران حملوں کے لیے تیار میزائل بھی برآمد کیے گئے۔انٹیلی جنس ایجنسی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد گروہ نے ڈرون کے ذریعے حملوں کی تیاری بھی مکمل کر لی تھی اور بیرونِ ملک سے جنگجوئوں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔اردن کے وزیرِ رابطہ ڈاکٹر محمد مومنی نے بتایا کہ انٹیلی جنس ایجنسی 2021سے ان مشتبہ افراد کی نگرانی کر رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے لبنان میں عسکری تربیت حاصل کی اور ان کا تعلق کالعدم تنظیم اخوان المسلمین سے ہے۔اردنی وزیر کے مطابق منصوبے کا فلسطین، شام یا دیگر علاقائی تنازعات سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ اندرونی حالات کو خراب کرنے کی کوشش تھی۔ گرفتار افراد کو جلد اسٹیٹ سکیورٹی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔