پانی کا مسئلہ سنجیدہ ،سب کو تحمل و سنجیدگی سے آگے بڑھنا چاہیے:خورشید شاہ

پانی کی کمی کو دور کیے بغیر اس مسئلے پر یکطرفہ طور پر آگے نہیں بڑھا جا سکتا،پی پی رہنما
اسلام آبا د(آن لائن)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ وقت میں سب کو تحمل اور سنجیدگی سے آگے بڑھنا چاہئے۔ پانی کا مسئلہ سنجیدہ مسئلہ ہے اور پانی کی کمی کو دور کئے بغیر اس مسئلے پر یکطرفہ طور پر آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔ انہوں نے کہا ساٹھ سال سے یہ مسئلہ درپیش ہے اور اہم بات یہ ہے کہ ہم نئی زمینوں کو سیراب کرتے کرتے کہیں زرخیز زمینوں کو بھی بنجر نہ بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پانی کی بہت کمی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ پینے کا پانی بھی کم ہو رہا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا یہ اہم بات ہے اور اس پر غور کیے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ اگر اس مسئلے کو دوستانہ انداز میں حل نہ کیا گیا تو پھر ملکر آگے بڑھنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل ڈائیلاگ ہے اور مجھے اْمید ہے کہ ہم ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھتے ہوئے اور ان کا احترام کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔