24 کروڑ عوام پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے، اویس لغاری،حنیف عباسی کاشٹل ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب
ڈیرہ غازی خان (آئی این پی )وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت عوامی مسائل جنگی بنیادوں پر حل کررہی ہے،ملک کی 24کروڑعوام پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے،دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہماری ترقی کا سفر نہیں روک سکتے۔تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بد ھ کے روز ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے درمیان چلنے والی شٹل ٹرین کا افتتاح کر دیا۔ ڈیرہ غازی خان ریلوے سٹیشن پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزراء نے کہا کہ شٹل ٹرین چلنے سے ملتان، ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ وزیر اعظم نے 7روپے 41پیسا فی یونٹ بجلی سستی کرکے عوام کو تحفہ دیا ہے۔ وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے کہاہے کہ کئی برس سے بند ریلوے سٹیشن آج دوبارہ بحال کیاجارہاہے ،مسلم لیگ( ن) جب بھی برسراقتدار آئی،عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیحی بنیاد پر کام کیاہے ۔موجودہ حکومت نے ڈیرہ غازیخان میں سردار فاروق لغاری انٹر نیشنل ایئرپورٹ کو بحال کیا، انڈس ہائی وے کو دورویہ کرنے اورکینسر ہسپتال کے حوالے سے بھی کام کیاجارہاہے ۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہاکہ میرے ڈیرہ غازیخان آنے کامقصد یہاں کے عوام میں خوشخبریاں بانٹناہے۔ آج یہاں سے شٹل ٹرین کاافتتاح کیاجارہاہے جو ڈیرہ غازی خان اورملتان کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر چلے گی اس کے علاوہ 24اپریل کو خوشحال حال خان خٹک ٹرین کو بھی بحال کیاجارہے جوکراچی سے براستہ ڈیرہ غازیخان پشاور تک جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلوے کی اس سروس کوکامیاب بنانے کے لئے میں جنوبی پنجاب کے عوام سے تعاون کی درخواست کروں گا تاکہ ہم جلد یہاں سے فریٹ ٹرین کابھی آغاز کرسکیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلوے کی ترقی کاپہیہ عوام کی دلچسپی سے جڑا ہے اور توقع رکھتا ہوں وہ اس شٹل ٹرین کامیاب بنائیں گے۔