ہم نظام کو گرانا نہیں چاہتے،( ن) لیگ خود اس پر تلی ہے:ندیم افضل چن

حکومتی پالیسیاں کسان دشمن، پانی اور زمین پر اشرافیہ قابض ہے،( ن) لیگ دور میں پنجاب کے دریا خشک ہو گئے
نئے انتخابات مسائل کا حل نہیں، تمام جماعتوں کو آن بورڈ لے کر انتخابات کروائے جائیں،سیکرٹری اطلاعات پی پی
 اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ، حکومت کی پالیسی کسان دشمن پالیسی ہیں، زمینوں کوغیرآباد کر کے زمین آباد نہ کی جائیں، عوام کی زمینیں غیرآباد کر کے اشرافیہ کی زمینیں آباد کی جارہی ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کی پالیسیاں غلط ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ دور میں پنجاب کے دریا خشک ہو گئے، یہ دریائے سندھ کو بھی متنازع بنانے پرلگے ہیں، ہمارے ڈیمز بھی ڈیڈ لیول پر ہیں، یہ کس شہرکا پانی لے کر چولستان کو آباد کریں گے، پانی لینے سے ہمارے شہرغیر آباد ہو جائیں گے، لاہور کی فوڈ باسکٹ پر بھی ہائوسنگ سکیمیں بن چکی ہیں، حکومت کی پالیسی کسان دشمن پالیسی ہیں۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ اگر کوئی دبائو ہے تو جواب حکومت ہی دے سکتی ہے، چھوٹے صوبوں کا پینے کا پانی بھی نہ ملنا ناانصافی ہے، عوام سستی بجلی، اچھا علاج اور اچھی تعلیم چاہتی ہے، اشرافیہ منرل واٹرپیتی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم نظام کو گرانا نہیں چاہتے، (ن )لیگ خود اس پر تلی ہے، نئے انتخابات مسائل کا حل نہیں، پہلے الیکشن پرعوام کے کھربوں روپے لگے ہوئے ہیں، ابھی انتخابات کروائے تو فارم 45،47 کا معاملہ اٹھ جائے گا، تمام جماعتوں کو آن بورڈ لے کر انتخابات کروائے جائیں۔