کرکٹرز محمد رضوان اور امام الحق سے متعلق معاملے کی ابتدائی تحقیقات میں دونوں کے موبائل فونز سے کوئی قابلِ ذکر چیز سامنے نہ آنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے ازخود نوٹس پر محمد رضوان اور امام الحق کو طلب کیا تھا، جبکہ دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فونز فرانزک جانچ کیلئے تحویل میں لیے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل فونز میں موجود پیغامات اور رابطوں کا جائزہ لیا گیا، تاہم مزید فرانزک تجزیہ این سی سی آئی اے کے اسلام آباد ہیڈکوارٹرز میں جاری ہے۔ تحقیقات کے دوران مبینہ مالی لین دین اور ممکنہ ٹرانزیکشنز کا سراغ لگانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔ڈریسنگ روم لیکس سے متعلق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی معلومات بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام کو بھجوائی جائے گی، جس کی روشنی میں دونوں کھلاڑیوں سے متعلق آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور امام الحق سے پوچھ گچھ بھی کی گئی، تاہم انہیں کوئی باقاعدہ سوالنامہ فراہم نہیں کیا گیا۔