’ویر زارا‘ میں شبّو کا کردار ادا کرنے پر تحفظات کیوں تھے؟ کہانی سامنے آ گئی

’ویر زارا‘ میں شبّو کا کردار ادا کرنے پر تحفظات کیوں تھے؟ کہانی سامنے آ گئی

بھارتی اداکارہ دیویا دتہ نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان کی مقبول فلم ’ویر زارا‘ میں شبّو کا کردار ادا کرنے سے قبل انہیں کچھ تحفظات اور خدشات لاحق تھے۔

دیویا دتہ نے اپنی نئی فلم ’لاسٹ مین اِن ٹاور‘ میں منوج باجپائی کے ہمراہ تشہیری سرگرمیوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر اداکار کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے معروف فلم ساز یش چوپڑا کی فلم میں کام کرنے کا موقع ملے۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ یش چوپڑا کی فلمیں دیکھتے ہوئے بڑی ہوئی ہیں اور ہمیشہ ان کی خواہش رہی کہ انہیں بھی کبھی یش چوپڑا کی کسی فلم میں کام کرنے کا موقع ملے۔ ان کے مطابق جب انسان کسی چیز کو دل سے چاہتا ہے اور اسے حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو حالات بھی اس کے لیے راستے پیدا کرتے ہیں۔دیویا دتہ نے بتایا کہ جب انہیں ’ویر زارا‘ میں کردار کی پیشکش ہوئی تو وہ چاہتی تھیں کہ یش چوپڑا کی روایتی رومانوی فلموں کی طرح انہیں بھی خوبصورت شیفون کی ساڑھیوں میں دکھایا جائے، تاہم انہیں فلم میں شبّو کا کردار ادا کرنا تھا۔

اداکارہ کے مطابق انہیں خدشہ تھا کہ ’ویر زارا‘ جیسی رومانوی فلم میں ایک مخصوص نوعیت کا کردار ادا کرنے کے بعد کہیں انہیں مستقبل میں بھی اسی طرح کے کرداروں تک محدود نہ کردیا جائے۔ اسی وجہ سے انہیں ابتدا میں شبّو کا کردار قبول کرنے کے حوالے سے کچھ تذبذب کا سامنا رہا۔دیویا دتہ نے کہا کہ ان کے خدشات کے برعکس فلم کی ریلیز کے بعد صورتحال بالکل مختلف ثابت ہوئی اور شبّو کے کردار کو ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔اداکارہ کے مطابق ’ویر زارا‘ میں ان کے کردار کو آج بھی ناظرین کی جانب سے محبت ملتی ہے، جو ان کے لیے قابلِ ذکر اور خوش آئند بات ہے۔