ایرانی فوج کے نائب کمانڈر حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے جنگ سے خوفزدہ نہیں ہے۔
بیجنگ میں منعقدہ شیانگ شان فورم سے خطاب کرتے ہوئے حبیب اللہ سیاری نے امریکی دباؤ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہر قسم کے دباؤ کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت نے علاقائی اتحاد اور استحکام کو متاثر کیا ہے۔ایرانی کمانڈر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ امریکی یک طرفہ تسلط پسندی اور طاقت کے استعمال کی مخالفت کرے۔ ان کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی بیجنگ پہنچے، جہاں انہوں نے چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق عراقچی کے دورے کا اعلان پہلے ہی کیا گیا تھا اور وانگ ای کے ساتھ ان کی ملاقات طے تھی۔ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چینی حکام کے مطابق بیجنگ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت کرتا ہے۔