پشاور میں فرنٹیر روڈ پر سرہ خورہ پولیس چوکی کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق دھماکا پولیس چوکی کے قریب نصب کیے گئے بم کے پھٹنے سے ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا جبکہ چوکی کی دیوار کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ پولیس ٹیموں کی جانب سے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے مواد سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔