لاہور(سپیشل رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چائنیز قونصلیٹ کا دورہ کیا اور چین کے قونصل جنرل مسٹر سن یان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چینی کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری، دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای وی سیکٹر، صنعت، زراعت اور دیگر شعبوں میں باہمی اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب میں ٹریکٹرز، سپرسیڈرز، ہارویسٹرز اور دیگر زرعی آلات کی تیاری میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چین کی بڑی کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کی وی وو موبائل فون کمپنی پاکستان میں پہلی بار چپ فریم اور موبائل فون کی مینوفیکچرنگ شروع کر رہی ہے۔ پنجاب میں ٹو ویلرز الیکٹرک گاڑیوں کے متعدد کارخانے لگ چکے ہیں جبکہ لیتھیئم بیٹریوں اور الیکٹرک ٹو ویلرز گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ بھی شروع ہو چکی ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چین کی سیرامک انڈسٹری میں بھی مزید توسیع ہو رہی ہے جبکہ چین کے ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چیلنج گروپ کے پنجاب میں دو نئے کارخانوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب چین کی مزید کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا