گلگت بلتستان کابینہ :218 ارب کا بجٹ منظور ،کم از کم اجرت 44 ہزار روپے مقرر

گلگت(آئی این پی )گلگت بلتستان کی کابینہ نے مالی سال 2026-27 کا بجٹ منظور کر لیا، کم از کم اجرت 40 سے بڑھا کر 44 ہزار روپے مقرر کر دی گئی۔گلگت بلتستان کے بجٹ کا مجموعی حجم 218 ارب روپے مقرر کیا گیا، ترقیاتی بجٹ 23 ارب، غیر ترقیاتی بجٹ 28 ارب روپے مختص کیے گئے، وفاقی حکومت کا سٹیبلائزیشن پیکیج بھی بجٹ میں شامل ہے، تمام محکموں کے غیر ترقیاتی بجٹ میں 30 فیصد تک کمی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلی  گلگت بلتستان  امجد حسین نے کہا  ہے کہ محدود وسائل کے باوجود سوشل سیکٹر بجٹ کا بنیادی محور ہے، نوجوانوں اور خواتین کیلئے  روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبوں کے لیے خطیر فنڈز مختص کئے  گئے‘ ادویات کی خریداری کیلئے 17 کروڑ روپے کا اضافی فنڈ مختص کیا گیا۔ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ اور ہونہار طلبہ کے سکالرشپس میں بڑا اضافہ کیا گیا، زرعی شعبے کے فروغ کے لئے  واٹر مینجمنٹ کو 5 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی، گلگت بلتستان میں پہلی بار سوشل پروٹیکشن کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے۔