سہیل آفریدی نے خود کو اغوا ء کرانے کی کوشش کی ‘پولیس وین میں بیٹھ گئے راناثنا ء اللہ

  یہ چاہتے ہیں  ایک جتھہ اسلام آباد کا گھیرائو کرے، پاکستان میں  فتنہ فساد برپا کرنے کیلئے دہشتگردوں کے پاس اس سے اچھا موقع کہاں ہو گا 
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے  مجھے کوئی معلومات نہیں، پی ٹی آئی کی دوسرے درجے کی قیادت کا انتظامیہ اور ہم سے  رابطہ ہے:مشیر سیاسی امور
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم کے  مشیربرائے سیاسی امور راناثنااللہ نے کہا ہے  وزیراعلی کے پی سہیل آفریدی  اپنے عہدے کا لحاظ نہ کرتے ہوئے فساد اور فتنہ تلاش کرتے پھر رہے ہیں وہ گلی گلی ڈھونڈ رہے ہیں کہ ایسا واقعہ ہو جائے کہ جس سے فتنہ فساد ہو۔ ایک انٹرویو میں راناثنااللہ نے کہا کہ سہیل آفریدی نے خود کو اغوا کرانے کی کوشش کی اور پولیس وین میں بیٹھ گئے پولیس نے اگلے چوک پر جا کر سہیل آفریدی کو سمجھایا کہ آپ ایسا کیوں کر رہے ہیں، پولیس نے انھیں بتایا کہ ہمیں آپ کو گرفتار کرنے کا کوئی آرڈر نہیں ہے اگلے چوک پر سہیل آفریدی اتر گئے اور اسی جگہ پر  بیٹھ گئے۔راناثنااللہ نے کہا کہ سہیل آفریدی کوشش کر تے رہے  کوئی ایسا واقعہ ہو جس سے ملک کی بدنامی ہو تاہم حکومت اور پولیس کی کوشش یہی ہے ان کو ایسا کوئی موقع نہ دیاجائے، انہوں نے کہا  یہ چاہتے ہیں کے پی سے ایک جتھہ اسلام آباد کا گھیرائو اور حکومت گرانے کیلئے چلے، پاکستان میں  فتنہ فساد برپا کرنے کیلئے دہشتگردوں کے پاس اس سے اچھا موقع کہاں ہو گا مسلح جتھہ اسلام آباد کی طرف بڑھے گا تو کس طرح وائلنس کو نظرانداز کیا جا سکتاہے۔