ن لیگ ، پی پی مشترکہ اجلاس، پختونخوا کی صورتحال پر مشاورت ،بدامنی، معاشی بحران پر صوبائی حکومت کی مجرمانہ خاموشی پر تشویش کا اظہار
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی اسلام آباد رہائشگاہ پر حکمران جماعت مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے گورنر خیبر پختونخوا کی میزبانی میں خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال پر مشاورت کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن سے رانا ثنااللہ، امیر مقام، سردار محمد یوسف، خواجہ سعد رفیق، مرتضیٰ جاوید عباسی اور پیپلز پارٹی سے صوبائی صدرمحمد علی شاہ باچا، شجاع خانزادہ، رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی نے شرکت کی۔وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اجلاس میں دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے خیبرپختونخوا میں بدامنی، معاشی بحران اور سیاسی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کیا۔اجلاس میں خیبر پختونخوا میں پائیدار امن سمیت صوبہ کی مجموعی ترقی کیلئے مشترکہ جدوجہد و لائحہ عمل طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں ہم خیال سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کر کے مشاورتی عمل میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔رہنمائوں نے صوبہ میں بڑھتی بدامنی پر صوبائی حکومت کی مجرمانہ خاموشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔