تیز رفتار ٹرین چلانے کی تیاری

 ٹرین راولپنڈی صدر تا مارگلہ ریلوے سٹیشن کا سفر 20منٹ میں طے کر یگی منصوبہ جلد مکمل کرنیپر اتفاق 
 اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) وزارت ریلوے نے جڑواں شہروں کے درمیان جدید و تیز رفتار ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس ٹرین سے راولپنڈی سے اسلام آباد کا سفر 20 منٹ میں طے ہو گا اور وقت اور ایندھن کی بھی بچت ہو گی۔ جڑواں شہروں میں ٹریفک کا دبا ئوکم ہو گا،مارگلہ سٹیشن اسلام آباد سے راولپنڈی صدر سٹیشن تک ریل منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ، اس سلسلے میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلویز حنیف عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری ،وفاقی سیکرٹری داخلہ ،سیکرٹری ریلویز، چیئرمین سی ڈی اے، کمشنرراولپنڈی، کمانڈنٹ و ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی، آئی جی اسلام آبادپولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آبادنے شرکت کی۔ اجلاس میں مارگلہ سٹیشن اسلام آباد سے راولپنڈی صدر سٹیشن تک ریل منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ آئندہ ہفتے منصوبہ کے فریم ورک ایگریمنٹ کو حتمی شکل دے کر دستخط کئے جائیں گے، ریلوے ٹریک وزارت ریلویز فراہم کرے گی جبکہ ریل سروس کا انتظام سی ڈی اے سنبھالے گی، ریل سروس کیلئے جدید ٹرین امپورٹ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نے کہا منصوبہ وزیراعظم شہباز شریف کے عوامی ریلیف کے ویڑن کا عکاس ہے۔