نوجوان تیز رفتار ٹرین سے لٹک کر سفر کرنے کے باوجود زندہ بچ گیا

ویانا(آئی این پی )آسٹریا میں ایک 24 سالہ نوجوان تیز رفتار ٹرین کے باہر لٹک کر سفر کرنے کے باوجود کرشماتی طور پر زندہ بچنے میں کامیاب رہا۔آسٹرین ریلوے کے ترجمان ہربرٹ ہوفر کے مطابق یہ واقعہ 9 اگست کی رات ویانا کے مغرب میں واقع شہر سینٹ پولٹن میں پیش آیا، جب ریل جیٹ ٹرین سوئس شہر زیورخ سے ویانا جا رہی تھی۔یہ نوجوان سینٹ پولٹن اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر سگریٹ نوشی کے لیے اترا اور ٹرین روانہ ہوگئی۔ترجمان کے مطابق ٹرین کو روانہ ہوتے دیکھ کر نوجوان 2 ڈبوں کے درمیان موجود خالی جگہ میں کود گیا اور کچھ دیر بعد کھڑکیوں پر دستک دے کر توجہ حاصل کی۔ٹرین کنڈکٹر نے فوری ایمرجنسی بریک لگائی اور عملہ اس نوجوان کو ٹرین کے اندر لے گیا۔'۔آسٹرین میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد نوجوان کو ویانا کے میڈلنگ اسٹیشن پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔واضح رہے کہ ریل جیٹ ٹرین کی زیادہ سے زیادہ رفتار 230 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ واقعے کے وقت وہ کتنی رفتار سے سفر کر رہی تھی۔اس نوجوان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی بس یہ بتایا گیا کہ وہ الجزائر سے تعلق رکھتا ہے اور اس بارے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔