انوویشن، سکلز، لرننگ کے نام سے شروع کنسورشیم کے ارکان میں 5 جامعات شامل
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے میدان میں سنگ میل کی حیثیت رکھنے والے اصلاح(ISLAH)کنسورشیم کا آغاز کر دیا گیا۔ انوویشن، سکلز، لرننگ، اکیڈمکس اور ہوپ (جدت، مہارتیں، تعلیم، تدریس اور اْمید) کے نام سے شروع کئے جانے والے اس کنسورشیم کے بنیادی ارکان میں ملک کی 5 نمایاں جامعات یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور، یونیورسٹی آف کمالیہ، غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان، تھل یونیورسٹی بھکر اورجی سی یونیورسٹی لاہور شامل ہیں۔ اس ضمن میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور سمیت پانچوں جامعات کے وائس چانسلرز نے تاریخی مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو)پر یونیورسٹی آف کمالیہ میں دستخط کئے۔اصلاح کنسورشیم کے تحت رکن جامعات قومی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گی، تدریسی اور قیادتی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرامز مرتب، طلبہ کو ایکسچینج کے مواقع فراہم کیے جائینگے، اختراعات اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل کیلئے انوویشن لیبز قائم ہونگی اور سماجی ترقی و شہری ذمہ داری کے فروغ کیلئے کمیونٹی آ ئوٹ ریچ اقدامات کیے جائینگے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انورنے کہا اصلاح کنسورشیم مثبت تبدیلی لانے والا پلیٹ فارم ثابت ہوگا جو گریجوایٹس تیار کرے گا، جدت کو فروغ دے گا اور پاکستان بھر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مضبوط بنائے گا۔