ویب ڈیسک: 80 کی دہائی کی مقبول بالی ووڈ اداکارہ سلمی آغا کی زندگی فلمی کیریئر کی کامیابیوں سے تو روشن رہی، لیکن ذاتی زندگی نے انہیں کئی نشیب و فراز دکھائے۔
چار محبتیں، تین شادیاں اور دو طلاقوں کے بعد، آج 68 سال کی عمر میں وہ ممبئی میں بیٹی کے ساتھ تنہا زندگی گزار رہی ہیں۔سلمی آغا نے 1982 میں فلم ’نکاح‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا۔ فلم کا سپرہٹ گانا "دل کے ارماں آنسوؤں میں بہہ گئے" انہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں تک لے گیا۔ صرف 17 برس کی عمر میں وہ اسٹار بن گئیں اور رشی کپور، راج ببر، راجیش کھنہ، فیروز خان اور متھن چکرورتی جیسے بڑے ناموں کے ساتھ کام کیا۔اداکاری کے ساتھ ساتھ ان کی منفرد آواز نے بھی انہیں فلم انڈسٹری میں مقام دلایا اور متعدد ایوارڈز ان کے حصے میں آئے۔ تاہم عشق و محبت کے معاملات نے ان کے فلمی سفر کو مختصر کر دیا۔
ذاتی زندگی کی کہانی
سلمی آغا کا تعلق کراچی سے ہے۔ 1980 کی دہائی میں ان کا لندن کے بزنس مین ایاز سپرا سے رشتہ قائم ہوا لیکن شادی نہ ہو سکی۔ ان کی پہلی شادی پاکستانی اداکار جاوید شیخ سے ہوئی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی۔ بعدازاں انہوں نے اسکوائش کھلاڑی رحمت خان سے شادی کی جو 2010 میں ختم ہوگئی۔ تیسری شادی انہوں نے 2011 میں دبئی کے بزنس مین منظر شاہ سے کی، جن سے ان کی ایک بیٹی ہوئی۔ تاہم منظر شاہ دبئی میں رہتے ہیں اور سلمی آغا ممبئی میں بیٹی کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔2016 میں انہیں بھارتی شہریت ملی اور آج کل وہ فلم پروڈکشن اور پروڈیوسنگ کے کام میں مصروف ہیں جبکہ ان کی بیٹی زارا آغا بھی بالی ووڈ میں قدم رکھ چکی ہیں۔