عامر خان کے سوتیلے بھائی کی زندگی مشکلات میں؟ سابقہ اہلیہ کا انکشاف

عامر خان کے سوتیلے بھائی کی زندگی مشکلات میں؟ سابقہ اہلیہ کا انکشاف

بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کے سوتیلے بھائی حیدر علی خان کی سابقہ اہلیہ اور اداکارہ ایوا گروور نے ان کی موجودہ حالت سے متعلق تشویشناک دعوے کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں اور ان کے پاس رہنے کے لیے کوئی مستقل ٹھکانہ بھی موجود نہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ ایوا گروور نے حال ہی میں میزبان سدھارتھ کنن کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے سابق شوہر حیدر علی خان کے بارے میں کئی انکشافات کیے۔ایوا گروور کا دعویٰ تھا کہ حیدر علی خان اس وقت انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کے مطابق نہ ان کے پاس مستقل رہائش ہے اور نہ ہی کوئی ایسا فرد موجود ہے جو باقاعدگی سے ان کی دیکھ بھال کرے۔انہوں نے کہا کہ حیدر علی خان مختلف دوستوں کے سہارے زندگی گزار رہے ہیں، جو کبھی کبھار انہیں اپنی رہائش گاہ پر جگہ دے دیتے ہیں اور مالی یا دیگر ضروری مدد بھی فراہم کرتے ہیں۔اداکارہ نے مزید دعویٰ کیا کہ حیدر علی خان شیزوفرینیا (Schizophrenia) جیسے ذہنی عارضے میں مبتلا ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کے اردگرد موجود بعض افراد انہیں شراب فراہم کرتے ہیں، جس سے ان کی صحت مزید متاثر ہو رہی ہے۔

عامر خان سے تعلقات پر بھی دعویٰ
ایوا گروور نے انٹرویو کے دوران یہ دعویٰ بھی کیا کہ عامر خان نے اپنے سوتیلے بھائی حیدر علی خان اور ان کے خاندان سے تعلقات ختم کر رکھے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عامر خان کے والد، مرحوم طاہر حسین کے آخری ایام میں ان کی سابق ساس کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تھی، جسے انہوں نے افسوسناک قرار دیا۔تاہم واضح رہے کہ ایوا گروور کے یہ تمام بیانات ان کے ذاتی دعووں پر مبنی ہیں، جن کی عامر خان یا حیدر علی خان کی جانب سے تاحال نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے آیا ہے۔