جمہوریت عوام کی آواز اور قوم کی طاقت ہے: بلاول بھٹو

جمہوریت کا تحفظ ایک مقدس فریضہ ہے ‘س پر کسی قسم کا سمجھوتہ  مستقبل پر سمجھوتہ ہے، پاکستانی نوجوان جمہوری اقدار کے خلاف ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے چوکس رہیں
جمہوریت ہماری قومی شناخت کی روح اور ترقی کی بنیاد ہے، یہ شہریوں کو سیاسی عمل میں شریک کرتی ہے‘سب کیلئے یکساں حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے:عالمی دن پر پیغام
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے جمہوریت محض طرزِ حکمرانی نہیں بلکہ عوام اور ان کے نمائندوں کے درمیان ایک عہد ہے جو انصاف، مساوات، آزادی اور وقار کی ضمانت دیتا ہے، جمہوریت عوام کی آواز اور قوم کی طاقت ہے۔جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے  جمہوریت ہماری قومی شناخت کی روح اور ترقی کی بنیاد ہے، یہ شہریوں کو سیاسی عمل میں شریک کرتی ہے، سیاسی تنوع کو فروغ دیتی ہے اور سب کے لیے یکساں حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے۔ پاکستان کا جمہوری سفر بے شمار شہداء￿  کی قربانیوں سے عبارت ہے جن میں قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو سرفہرست ہیں، دونوں رہنماؤں نے عوام کے حقِ حاکمیت کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت نے اٹھارویں آئینی ترمیم منظور کر کے 1973 کے آئین کی روح کے مطابق پارلیمان کو مضبوط بنایا، جو جمہوریت کی بڑی فتح ہے۔انہوں نے کہا  جمہوریت کا تحفظ ایک مقدس فریضہ ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ دراصل مستقبل پر سمجھوتہ ہے، پاکستانی نوجوان جمہوری اقدار کے خلاف ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے چوکس رہیں اور ایک جامع، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ ہمارے جمہوری ہیروز کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی، ان کا حوصلہ اور ورثہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت عوام کی قوت میں ہے۔