ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے‘ارض وطن کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم اپنی افواج کیساتھ ہے:وزیراعظم
راولپنڈی‘اسلام آباد(اے ایف بی‘آن لائن) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 31 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر 13 اور 14 ستمبر کو لکی مروت اور بنوں میں کارروائیاں کیں، سکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کر کے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 بھارتی پراکسی یافتہ خوارج کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر دوسری کارروائی بنوں میں کی، فائرنگ کے تبادلے میں مزید 17 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔‘دریں اثناء وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے لکی مرت اور بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسروں و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے‘ارض وطن کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔