سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جس میں اب تک 450 سے زائد وکلاء اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر چکے ہیں۔
انتخابات میں ملک بھر سے 1460 وکلاء کو ووٹ ڈالنے کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔اس بار انڈیپنڈنٹ گروپ اور پرو فیشنل گروپ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔صدارت کے عہدے کے لیے ہارون الرشید اور توفیق آصف کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ جاری ہے، جس پر وکلاء برادری کی گہری نظر ہے۔معزز سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس (ر) محمد امیر بھٹی نے بھی ووٹ کاسٹ کیا، جو وکلاء کے لیے حوصلہ افزا لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بار شاہد اکرام صدیقی، سابق وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چوہدری بابر وحید اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار زبیع اللہ ناگرہ نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔انتخابی عمل پُرامن انداز میں جاری ہے جبکہ وکلاء کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنز پر موجود ہے۔نتائج کا اعلان ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔