سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات آج، عاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ میں کانٹے کا مقابلہ

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات آج، عاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ میں کانٹے کا مقابلہ

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات آج ملک بھر میں ہو رہے ہیں، جن میں وکلاء برادری کے دو بڑے دھڑوں — عاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ — کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

پولنگ صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔اسلام آباد میں ووٹرز کے لیے سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ پر مرکزی پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے، جبکہ دیگر بڑے شہروں میں بھی پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں۔انتخابات میں کل 13 نشستوں پر مقابلہ ہو رہا ہے، جن کے لیے 4 ہزار 379 وکلاء ووٹ کاسٹ کرنے کے اہل ہیں۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو پاکستان کی قانون دان برادری کا سب سے بااثر فورم تصور کیا جاتا ہے۔

اہم نشستوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلہ
صدر کی نشست پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے ہارون الرشید اور حامد خان گروپ کے توفیق آصف کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔سیکرٹری کے عہدے کے لیے میاں عرفان اکرم اور ملک زاہد اسلم اعوان مدِمقابل ہیں۔ایڈیشنل سیکرٹری کی نشست پر قاضی غلام دستگیر اور سردار طارق حسین کے درمیان انتخاب ہوگا۔فنانس سیکرٹری کی نشست کے لیے ایڈوکیٹ تنویر چوہدری اور سائرہ خالد راجپوت امیدوار ہیں۔
نائب صدور کی نشستوں پر علاقائی مقابلے
پنجاب سے نائب صدر کی نشست کے لیے محمد حبیب قریشی، چوہدری ارشد حسین، اور خالد مسعود سندھو آمنے سامنے ہیں۔
بلوچستان سے نائب صدر کی نشست پر لیاقت علی ترین اور رحمت اللہ صدوزئی کے درمیان مقابلہ ہے۔
خیبر پختونخوا (کے پی) کی نشست پر فضل شاہ محمود اور حبیب قریشی مدِمقابل ہیں۔
سندھ سے نائب صدر کی نشست پر ملک خوشحال خان اور محمد لطف اللہ آرائیں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی آج رات ہی شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ غیر سرکاری نتائج رات گئے تک سامنے آنے کی توقع ہے۔
انتخابات میں دونوں بڑے گروپوں کے رہنما اور سابق صدور بھی اپنے اپنے امیدواروں کی مہم کے لیے سرگرم ہیں۔