ریٹرن فارم 2 ستمبر کو جاری ہوا،قانونی طور پر آخری تاریخ 30 نومبر بنتی ،ٹیکس بار
لاہور( خصوصی رپورٹ)مالی سال 2025-26 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے۔ایف بی آر نے تمام ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ جرمانوں اور دیگر پابندیوں سے بچنے کے لیے مقررہ وقت کے اندر اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا دیں۔ایف بی آر کے حکام کے مطابق لیٹ فائلر کی کیٹیگری ختم کر دی گئی ہے اور اب صرف فائلر اور نان فائلر کی درجہ بندی برقرار رہے گی۔ مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے فائلر کی سہولت سے محروم ہو جائیں گے۔ تاخیر سے فائلر بننے کے لیے فرد واحد کو 25 ہزار روپے، شراکتی کاروبار کو 50 ہزار روپے جبکہ کمپنیوں کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ دوسری طرف لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا ثاقب منیر، جنرل سیکرٹری فاروق گجر، نائب صدر عثمان جاوید، جوائنٹ سیکرٹری علی رضا چیمہ اور فنانس سیکرٹری سعد ایوب خان نے مطالبہ کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرکے 30 نومبر 2026 مقرر کی جائے۔اپنے مشترکہ بیان میں عہدیداروں نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2 ستمبر کو حتمی شکل دے کر پورٹل پر جاری کیا گیا اورقانونی تقاضوں کے تحت گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر 2026 بنتی ہے۔ دوسری جانب گوشوارے جمع کرانے کے نظام میں تاحال متعدد تکنیکی مسائل موجود ہیں، جن کے باعث ٹیکس پریکٹیشنرز اور ٹیکس دہندگان کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پورٹل کے مسائل فوری حل کیے جائیں اور تاریخ میں 30 نومبر تک توسیع کی جائے۔