لاہور(نیٹ نیوز )ایک تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والے ہر آٹھ میں سے ایک کینسر کا سبب انفیکشن ہو سکتا ہے اور ان میں سے بہت سے انفیکشنز پر ویکسینیشن کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے۔انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر کے سائنسدانوں کے مطابق 2024 میں کینسر کے سامنے آنے والے 1 کروڑ 92 لاکھ نئے کیسز میں سے تقریباً 23 لاکھ کیسز انفیکشنز سے منسلک تھے۔ ان کینسر کیسز کی اکثریت صرف پانچ اقسام کے انفیکشنز سے وابستہ تھی۔ان میں ہیلیکوبیکٹر پائلوری شامل ہے، جو ایک عام بیکٹیریا ہے اور معدے کو متاثر کرتا ہے۔ یہ اکثر آلودہ خوراک اور پانی کے ذریعے پھیلتا ہے۔ دیگر میں ہیومن پیپیلوما وائرس، ہیپاٹائٹس بی اور سی اور ایپسٹین بار وائرس شامل ہیں، جو خاص طور پر غدود کے بخار کا سبب بننے کے لیے مشہور ہے۔کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کو انفیکشن سے متعلق کینسر کا سب سے زیادہ بوجھ برداشت کرنا پڑا، جہاں دنیا بھر کے ایسے کیسز میں سے تقریباً 77 فیصد رپورٹ ہوئے۔