مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکن اکثر لیڈر کے عشق میں مبتلا ہو کر خود کو نقصان پہنچا بیٹھتے ہیں
غیر منظم اور نیم جمہوری جماعتوں میں سازشی عناصر ہی کامیاب ہوتے ہیں : سینئر رہنما مسلم لیگ ن
لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بارے میں کہا ہے کہ وقت آنے پر ان کے عشق کا بھوت خود عمران خان ہی اتاریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو اور گفتگو کے دوران کیا۔خواجہ سعد نے بتایا کہ ان کی شیر افضل مروت سے پہلی اتفاقی ملاقات چند ماہ قبل سپیکر چیمبر میں ہوئی جہاں دیگر اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسی ملاقات میں انہیں اندازاً اندازہ ہو گیا تھا کہ بعض رہنما بعد میں پارٹی سے الگ ہو سکتے ہیں۔ چند ماہ بعد جب وہ دوبارہ ملے تو ان کا مشاہدہ درست ثابت ہوا کیونکہ شیر افضل کو پہلے ہی پی ٹی آئی سے نکالا جا چکا تھا۔سابق وفاقی وزیر نے سیاسی کارکنان کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکن اکثر لیڈر کے عشق میں مبتلا ہو کر خود کو نقصان پہنچا بیٹھتے ہیں۔ وہ جذباتی انداز میں میدان میں آتے ہیں، اور جب صورت حال خراب ہوتی ہے تو اولین نشانہ بن جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر منظم اور نیم جمہوری جماعتوں میں سازشی عناصر ہی کامیاب ہوتے ہیں جبکہ تلخ سچ بولنے والے پس پشت چلے جاتے ہیں۔