اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیف جسٹس آئینی عدالت، چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس ہائیکورٹ کے نام خط لکھ کر طبی سہولیات کی فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی اپیل کردی۔
عمران خان کی جانب سے یہ خط بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے ارسال کیا گیا، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ ججز صاحبان سے کوئی غیر معمولی رعایت نہیں مانگ رہے، بلکہ صرف یہ استدعا کر رہے ہیں کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔خط میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر وہ زندہ رہے تو ہی خود کو بے گناہ ثابت کرسکیں گے، اس لیے انہیں انصاف فراہم کیا جائے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے۔عمران خان نے اپنے خط میں دعویٰ کیا کہ 10 نومبر کو ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ گیا تھا، جبکہ ڈاکٹر نے انہیں دل کا دورہ پڑنے اور برین ہیمرج کے شدید خطرے سے آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے اپنی صحت کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے فوری طبی معائنے اور مناسب علاج کی ضرورت پر زور دیا۔خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے، طبی معائنہ کروانے اور اہل خانہ سے ملاقات کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم ان احکامات پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوسکا۔
بانی پی ٹی آئی نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی شدید خطرے میں ہے اور ریٹنا الگ ہونے کے باوجود انہیں مناسب طبی سہولیات اور علاج فراہم نہیں کیا جا رہا۔عمران خان نے خط میں جیل میں اپنی قید کے حالات پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیں طویل عرصے سے تنہائی میں رکھا گیا ہے اور جیل قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق پورے سال کے دوران انہیں وکلا سے ملاقات کی اجازت صرف چار مرتبہ دی گئی۔