واشنگٹن: امریکا میں پروازوں کی بندش اور منسوخی کے باعث فضائی سفر کا بحران مزید ایک روز جاری رہنے کا خدشہ ہے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ نے معمول کی پروازوں کی بحالی کا شیڈول بھی آگے بڑھا دیا ہے۔
فضائی آپریشن متاثر ہونے کے باعث لاکھوں مسافروں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعے کے روز ایئر ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام کی اپ گریڈیشن کے دوران تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث پروازوں کی روانگی روکنا پڑی اور ملک بھر میں فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔ اس تکنیکی مسئلے کے نتیجے میں سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ متعدد پروازوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی کرنا پڑی۔رپورٹس کے مطابق بحران کے اثرات اتوار کو بھی برقرار رہے اور مختلف ایئرپورٹس پر سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو ایئرپورٹس پر طویل انتظار کرنا پڑا، جبکہ متعدد افراد کی سفری منصوبہ بندی بھی متاثر ہوئی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی روز کی خاموشی کے بعد فضائی بحران پر ردعمل دیتے ہوئے اس کی ذمہ داری سابق صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر عائد کردی۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں سابق حکومت سے ایک خراب نظام ورثے میں ملا ہے۔ امریکا کے فرسودہ ایئر ٹریفک کنٹرول نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، جس کے لیے کانگریس کو مطلوبہ فنڈز کی منظوری دینا ہوگی۔
دوسری جانب امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے کہا ہے کہ فضائی آپریشن کی بحالی کا عمل اتوار تک بہتر ہونے کی توقع ہے، تاہم پروازوں کا مکمل شیڈول معمول پر آنے میں پیر تک کا وقت لگ سکتا ہے۔شان ڈفی کے مطابق جمعے کو پیدا ہونے والے بحران کے باعث متعدد طیارے اور عملے کے ارکان اپنی مقررہ جگہوں پر موجود نہیں، جنہیں دوبارہ طے شدہ شیڈول کے مطابق لانے کے لیے وقت درکار ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ تکنیکی خرابی دور ہونے کے باوجود فضائی آپریشن فوری طور پر مکمل بحال نہیں ہوسکے گا۔حکام کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول کے نظام کو بہتر بنانے اور پروازوں کا شیڈول بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم مسافروں کو مزید تاخیر اور پروازوں کی منسوخی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔