تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران اب نہ جنگ نہ امن کی غیر یقینی صورتحال میں نہیں رہے گا، امریکا مذاکرات کرنا چاہتا ہے یا جنگ، ایران کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
امریکا نے کوئی نئی غلطی کی تو میدان جنگ کا جغرافیہ ایرانی فوج کی طاقت طے کرے گی۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق باقر قالیباف نے اپنے بیان میں ایران کے نئے میزائل سٹی کی رونمائی کو اہم دفاعی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک تکنیکی اور فوجی کامیابی نہیں بلکہ خطے میں تزویراتی توازن کی تبدیلی کی علامت ہے۔ ان کے مطابق ایران نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے اور ملک اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات یا جنگ کے امکانات سے ایران کی پالیسی متاثر نہیں ہوگی۔ ایران اب غیر یقینی صورتحال میں رہنے کے بجائے اپنے قومی مفادات اور دفاعی صلاحیتوں کی بنیاد پر فیصلے کرے گا۔
باقر قالیباف نے مزید کہا کہ اگر امریکا ایران کی سات شرائط تسلیم کرلے تو معاہدے کا دروازہ کھل سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی معاہدے کے لیے ایرانی مؤقف اور مطالبات کو تسلیم کرنا ضروری ہوگا۔انہوں نے امریکی وزیر خزانہ کے بیانات اور غیر اخلاقی زبان کو ایرانی طاقت کے سامنے امریکا کی بے بسی کا اظہار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام کے بیانات اور دھمکیاں ایران کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔باقر قالیباف نے امریکی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دھمکیوں سے بچنے کے لیے فوجی پناہ گاہوں میں جانے والوں کو عظیم قوموں کی توہین کرنے کے بجائے خلیج فارس میں اپنی ناکامیوں پر غور کرنا چاہیے۔