امریکی حکام نے پیوٹن سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی ہے، باقر قالیباف

امریکی حکام نے پیوٹن سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی ہے، باقر قالیباف

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کی صورتحال تبدیل ہو چکی ہے اور یہ اہم بحری گزرگاہ اب جنگ سے پہلے والی پوزیشن پر واپس نہیں آئے گی۔

 ان کا کہنا ہے کہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز کی نگرانی کے حوالے سے نئی مفاہمت پر پہنچ گئے ہیں۔قطری ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں باقر قالیباف نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں، مجوزہ امن منصوبے اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔باقر قالیباف نے دعویٰ کیا کہ امریکی حکام نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی تھی۔ ان کے مطابق ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی راستے کو موقع دینے کے لیے تیار ہے۔ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ تہران نے قطر کے ذریعے امریکا کو سات نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے، جس کا مقصد آٹھ ماہ سے جاری تنازع کا خاتمہ کرنا ہے۔ ایران اب اس منصوبے پر امریکی ردعمل کا منتظر ہے اور معاہدے کے حوالے سے اگلا فیصلہ واشنگٹن کو کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایرانی امن منصوبے میں امریکا کی جانب سے عائد بحری ناکا بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، ایران کے منجمد اثاثوں کی واپسی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان شامل ہے۔

باقر قالیباف کے مطابق اگر امریکا مجوزہ معاہدے کی شرائط کی پاسداری کرے اور ایسے مطالبات پیش نہ کرے جن سے دونوں ممالک کے درمیان بداعتمادی میں اضافہ ہو تو کسی معاہدے تک پہنچنا ممکن ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو امریکی حکومت پر تاحال اعتماد نہیں ہے۔آبنائے ہرمز کے مستقبل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ اس اہم آبی گزرگاہ کی صورتحال جنگ سے پہلے جیسی نہیں رہے گی۔ ان کے بقول ایران اور عمان کے درمیان اس بحری راستے کی نگرانی کے حوالے سے ایک نئی مفاہمت طے پا چکی ہے، تاہم انہوں نے اس معاہدے کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔ اس گزرگاہ کی صورتحال میں کسی بھی بڑی تبدیلی کے اثرات عالمی توانائی کی منڈیوں، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر واشنگٹن نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی نئی فوجی کارروائی کے تناظر میں اپنے مؤقف پر قائم ہے۔انٹرویو کے دوران یمن کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ ایرانی اسپیکر نے کہا کہ کسی بیرونی فریق کو یمن کے تنازع میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق اگر سعودی عرب اور یمن کی حکومت دونوں ایران سے مدد طلب کریں تو تہران تنازع کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

باقر قالیباف کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ ایک جانب ایران نے سات نکاتی امن منصوبہ پیش کرنے کا دعویٰ کیا ہے تو دوسری جانب آبنائے ہرمز کے انتظام اور نگرانی سے متعلق ایران اور عمان کی نئی مفاہمت بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔