اسلام آباد: 13 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق، ایف آئی اے ڈائریکٹر عہدے سے برطرف

اسلام آباد: 13 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق، ایف آئی اے ڈائریکٹر عہدے سے برطرف

اسلام آباد میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر مبینہ تشدد کے باعث جان کی بازی ہار گئی۔

 افسوسناک واقعے کا مقدمہ بچی کے والد کی مدعیت میں تھانہ شمس کالونی میں درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس نے ایف آئی اے ڈائریکٹر کی اہلیہ سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔واقعے کے بعد ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد بن اشرف، گوجرانوالہ زون کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور انہیں ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔مقدمے کے متن کے مطابق 13 سالہ فاطمہ ایک مدرسے میں زیرِ تعلیم تھی اور پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں اپنے قریبی رشتہ داروں کے گھر رہائش پذیر تھی۔ بچی کے والد کا کہنا ہے کہ انہیں فون پر اطلاع دی گئی کہ ان کی بیٹی کی طبیعت خراب ہوگئی ہے، جس پر بچی کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔

والد کے مطابق اسپتال پہنچنے پر انہیں معلوم ہوا کہ بیٹی کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی معائنے کے دوران بچی کے جسم پر پرانے زخموں اور مبینہ تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں ایف آئی اے ڈائریکٹر کی اہلیہ، ایک گھریلو ملازم اور مدرسے کے قاری کو حراست میں لے لیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔