پولیس نے 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کے واقعے میں ملوث ملزم اور متاثرہ بچی کے والدین کو گرفتار کر لیا ہے۔
تھانہ روات کے علاقے میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کی اطلاع ملنے پر، سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کی اور قانون کے مطابق کارروائی کے لیے ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں، پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد ملزم اور بچی کے والدین کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق، متاثرہ لڑکی کا علاج معالجہ کرایا گیا ہے اور اسے چائلڈ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق، بچی موقع سے بچ کر پولیس کے پاس پہنچی۔ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ بچوں پر تشدد میں ملوث افراد کو سخت سزا دلائی جائے گی، کیونکہ بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔