گھر میں کام کرنے والی 8 سالہ کمسن بچی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد ہمسائے کی چھت پر چھوڑ کر فرار ہونے والے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک گھر میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے والی 8 سالہ بچی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ واقعے میں ملوث ملزم اسی گھر میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ زیادتی کے بعد کمسن بچی کو ہمسائے کی چھت پر پھینک دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے کا علم ہونے پر اہل خانہ اور مقامی افراد نے بچی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔واقعے کا مقدمہ متاثرہ بچی کی والدہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کی شناخت کرکے اس کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔