کلینک میں ان خواتین کا بھی علاج کیا جائیگا جو اسلامی شناخت کی خواہش مند ہیں،مہری طالبی
تہران (آئی این پی)ایران نے خواتین کی حجاب نہ پہننے کی حالیہ لہر کو ذہنی مسئلہ قرار دیا ہے جبکہ بے حجاب خواتین کے لئے اہم اعلان بھی کردیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران نے حجاب سے منحرف خواتین کے لیے کلینک کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے تہران میں نئے کلینک کے لیے منصوبہ بندی کا اعلان سامنے آیا ہے۔اس کلینک کی منصوبہ بندی کی نگرانی کرنے والی مہری طالبی دریستانی نے بتایا کہ یہ ایران کا پہلا کونسلنگ کلینک ہے جو بے حجاب خواتین کا سائنسی اور نفسیاتی طریقہ کار سے علاج کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کلینک میں ایرانی نئی نسل، نو عمر، نوجوان، بالغ خواتین کے ساتھ ساتھ ان خواتین کا بھی علاج کیا جائے گا جو اسلامی شناخت کی خواہش مند ہیں۔