تہران(آئی این پی )ایران کی عدلیہ کا کہنا ہے کہ حجاب نہ پہننے والی خواتین کو میراتھن میں شرکت کی اجازت دینے پر ریس کے دو منتظمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق حکام کی جانب سے یہ فیصلہ گزشتہ روز منعقد ہونے والی ریس میں بغیر حجاب کے حصہ لینے والی خواتین تصاویر آن لائن سامنے آنے کے بعد لیا گیا ہے۔ایران کے جنوبی ساحل کے نزدیک واقع جزیرہ کیش پر ہونے والی میراتھن میں دو ہزار خواتین اور تین ہزار مردوں نے الگ الگ حصہ لیا تھا۔ریس کے دوران سرخ ٹی شرٹس میں ملبوس کچھ خواتین نے حجاب یا سر نہیں ڈھانپا ہوا تھا۔ایران میں تبدیلی کے بہت سے حامیوں نے ان تصاویر کو سراہا جو اسے ایرانی خواتین کی جانب سے ایران میں حجاب سے متعلق عائد پابندیوں کو مسترد کرنے کے مترادف دیکھتے ہیں۔دوسری جانب ایرانی حکام اسے ناقابلِ قبول عمل کے طور پر دیکھتے ہیں اور عدلیہ منتظمین کے خلاف تیزی سے حرکت میں آئی ہے۔