نادار اقلیتی بہن بھائیوں کیلئے مینارٹی کارڈ دسمبر میں فنکشنل کردیا جائیگا(مریم نواز)

بابا گرو نانک ہمیشہ انسانیت، محبت اور اخوت کے علمبردار رہے:وزیراعلی‘جنم دن کے موقع پر دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارک باد 
    لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب مریم نوازنے کہا  پرامن معاشرے رواداری،بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہوتے ہیں، پنجاب میں نادار اقلیتی بہن بھائیوں کیلئے مینارٹی کارڈ دسمبر میں فنکشنل کردیا جائے گا۔بابا گرو نانک کے جنم دن پر دنیا بھر کی سکھ برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا  بابا گرو نانک ہمیشہ انسانیت، محبت اور اخوت کے علمبردار رہے، پرامن معاشرے رواداری اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہوتے ہیں، بابا گرونانک نے ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹنے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نادار اقلیتی بہن بھائیوں کیلئے دسمبر میں مینارٹی کارڈفعال کیا جائے گا، نادار اقلیتی بہن بھائیوں کو مینارٹی کارڈ سے ہر سہ ماہی 10ہزار روپے دیے جائیں گے، اقلیتوں کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے کیلئے مینارٹی ورچوئل پولیس سٹیشن بھی قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو تمام سہولتیں اور حقوق ملنے چاہئیں چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل جل کر سرزمین پاک کو امن و آشتی اور رواداری کی مثال بنانا ہے۔