ابو ظبی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے موقع پر قصر الوطن میں ان کے لیے ایک منفرد اور روایتی ثقافتی استقبال کیا گیا، جس میں سفید لباس میں ملبوس خواتین نے اپنے کھلے بالوں کو دائیں بائیں لہراتے ہوئے روایتی "العیالہ" رقص پیش کیا۔
یہ ثقافتی مظاہرہ امارات اور شمالی عمان کی روایات کا حصہ ہے اور مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ "العیالہ" ایک جنگی منظر کی علامتی نقالی ہے، جس میں مرد بانس کی چھڑیوں کے ساتھ صف بندی میں رقص کرتے ہیں اور خواتین ڈھول کی تھاپ پر اپنے بال لہراتی ہیں۔یہ رقص شادیوں، تہواروں اور سرکاری تقریبات میں پیش کیا جاتا ہے اور یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثے کے طور پر تسلیم بھی کیا جا چکا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے استقبال میں اس روایت کی ادائیگی نے سوشل میڈیا پر زور پکڑا اور دنیا بھر میں خلیجی ثقافت کو روشنی میں لانے کا باعث بنی۔