بانی کی رہائی کیلئے پھر تحریک پی ٹی آئی کا فیصلہ
چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے تحریک کا فیصلہ کیا ، بانی نے چیئرمین پی اے سی کی تبدیلی کا فیصلہ واپس لے لیا،فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ نوٹس لینے سے انکار،190 ملین پائونڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر نوٹس، 8 مقدمات میں دلائل طلب
لاہور ،اسلام آباد، پشاور(کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے دوبارہ تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پشاور میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے صدور اور جنرل سیکریٹریز کا اجلاس ہوا جہاں احتجاجی تحریک چلانے پراتفاق کیا گیا۔پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ مرکزی قیادت اور سیاسی کمیٹی کی منظوری کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گاتحریک انصاف کے بانی عمران خان نے پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا فیصلہ واپس لے لیا۔پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عمران خان اور بیرسٹر گوہر کے درمیان آخری ملاقات میں کیا گیا۔بیرسٹر گوہر نے موقف اپنایا کہ استعفیٰ دینے کی صورت میں سپیکر پبلک اکائونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ پی ٹی آئی کے بجائے کسی اور جماعت کو دے دیں گے۔پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق پبلک اکائونٹس کا عہدہ جانے سے پارٹی کو پارلیمان میں نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا جس پر عمران خان نے بیرسٹر گوہر کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ واپس لے لیا۔دریں اثنا اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں جنید اکبر نے کہا کہ نہیں معلوم کہ ان کے استعفے کی تجویز کس نے دی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ میں نو مئی کے واقعات سے متعلق درج آٹھ مقدمات میں بانی تحریک انصاف عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے کیس کی مزید کارروائی 27 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی دلائل کے لیے طلب کر لیا۔ جسٹس سید شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ، سماعت کے دوران سپیشل پراسیکیوٹرز نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیشی افسر نے فوٹو گرامیٹک اور وائس میسج ٹیسٹ کے لیے بانی پی ٹی آئی نے عدالتی نوٹسز موصول کرنے سے انکار کر دیا۔ پراسیکیوٹرز نے موقف اختیار کیا کہ ٹیسٹ کی تکمیل کے لیے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،پراسیکیوٹرز نے استدعا کی کہ جب تک یہ ٹیسٹ مکمل نہیں ہو جاتے، ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی مئوخر کی جائے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے نکتہ اٹھایاکہ ان کے موکل کو گرفتار ہوئے 727دن گزر چکے ہیں اور پراسیکیوشن اب تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت شہادتوں کے بغیر بھی کی جا سکتی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے 190 ملین پائونڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں میں فریقین کو جواب کیلئے نوٹسز جاری کردیئے۔لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ سماعت اگلے بدھ کو رکھی جائے،جس پر عدالت نے سزا معطلی کی درخواستیں آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے تین رہنمائوں کی نو مئی سے متعلقہ مقدمات میں عبوری ضمانت میں 22 مئی تک توسیع کر دی۔عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔