بیر سٹر گوہر احتجاج یا مذاکرات؟ آج فیصلہ
محمود اچکزئی حکومت سے بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہیں اور اپوزیشن اتحاد نے بات چیت کا دروازہ بند نہیں کیا، ترجمان ،پارلیمانی پارٹی پارلیمانی امور پر فیصلے کرتی ہے جو کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی میں پیش کئے جاتے ہیں ، حتمی اختیارعمران کا:بیرسٹر گوہر
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف آج پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی طے کرے گی۔ بیرسٹر علی ظفر کے مطابق اجلاس میں حکومت سے مذاکرات یا احتجاج کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا، جبکہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی، خواتین کی رہائی، علاج اور اہم سیاسی و تنظیمی امور پر بھی غور ہوگا۔دوسری جانب اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخوانزادہ حسین یوسفزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے وزیراعظم ہائوس جانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے حکومت کو ایک مرتبہ پھر سنجیدہ مکالمے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اطلاعات کو مذاکرات کے بنیادی نکات کا علم نہیں، انہیں بیان دینے سے پہلے حکومتی مذاکراتی ٹیم کے دیگر ارکان سے بات کرلینی چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں کون پیچھے ہٹا، اس کی حقیقت سامنے آنی چاہیے۔ محمود اچکزئی حکومت سے بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہیں اور اپوزیشن اتحاد نے بات چیت کا دروازہ بند نہیں کیا۔ادھر تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے علی ظفر کے اس بیان کی تردید کی کہ آئندہ تمام فیصلوں کا اختیار پارلیمانی پارٹی کو دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی، پولیٹیکل کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی الگ فورمز ہیں، پارلیمانی پارٹی صرف پارلیمانی معاملات پر فیصلے کرتی ہے جبکہ اس کے فیصلے کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی میں پیش کئے جاتے ہیں۔ حتمی فیصلوں کا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔